مسلم لیگ ن لاہورکے صدر ایم این اے پرویز ملک انتقال کر گئے


لاہور (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) لاہور کے مختلف حلقوں سے پانچ بار قومی اسمبلی کے منتخب ہونے والے رکن پرویز ملک انتقال کر گئے۔ وہ  1997 میں این اے 95 سے، 2002 میں این اے 120 سے، 2010 اور 2013میں این اے 123 سے اور 2018 میں این اے 133 سے رکن قومی  اسمبلی منتخب ہوئے۔  پرویز ملک 2017 میں  وفاقی وزیر تجارت اور وفاقی وزیر ٹیکسٹائل بھی رہے۔ سوگواروں میں ان کے دو بیٹے علی پرویز ایم این اے اور بیرسٹر احمد پرویز اور بیٹی سعدیہ پرویز کے علاوہ بھائی جسٹس (ر) قیوم اور ہمشیرہ سابق رکن قومی اسمبلی یاسمین رحمان شامل ہیں۔ نواز شریف نے پرویز ملک کے انتقال پر کہا کہ  وہ‘  شہباز شریف اور ان کا تمام  خاندان  اور مسلم  لیگ کا ہر کارکن  سوگوار ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی آج ایک نہایت قابل، وفادار، بہادر، مخلص رہنما اور نہایت اچھے انسان سے محروم ہو گئی ہے۔ بعدازاں شہباز شریف  اور حمزہ شہباز شریف  مرحوم پرویز ملک کی رہائش گاہ پر پہنچے اور ان کے صاحب زادوں اور دوسرے عزیزوں سے تعزیت کی۔ دریں اثناء  پرویز ملک کی ناگہانی موت کی وجہ سے گزشتہ روز پنجاب مسلم لیگ کی تنظیمی میٹنگ کو ملتوی کر دیا گیا۔ شہباز شریف نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ  مسلم لیگ ن اپنے ایک رہنما، کارکن، دیرینہ ساتھی اور بازو سے محروم ہو گئی ہے۔ صدر عارف علوی‘ چودھری شجاعت حسین‘ پرویز الٰہی‘ مونس الٰہی‘ مریم نواز‘ رانا ثنائ‘ رانا تنویر نے بھی پرویز ملک کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ پرویز ملک سیاسی سفر شروع کرنے سے قبل وہ ایک نمایاں صنعت کار کی حیثیت سے ابھرے۔   1980 کی دہائی میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1990 کی دہائی میں انہوں نے سیاست میں بھرپور حصہ لینا شروع کیا اور مسلم لیگ (ن) نے 1997 کے الیکشن میںانہیں  قومی اسمبلی کے حلقہ 95(لاہور) سے مسلم لیگ کا امیدوار نامزد کیا۔ لاہور چیمبرکے اندر معذوروں کی بحالی کے لئے ایک ادارہ  لبارڈ قائم کیا جس کی انہوں نے تاحیات سرپرستی کی۔ انہوں نے 2010 اور 2013 میں قومی  اسمبلی کے دونوں الیکشن جیتے۔ اسی دوران انہیں لاہور مسلم لیگ کا صدر نامزد کر دیا گیا۔ ان کی اہلیہ شائستہ پرویز بھی سیاست میں سرگرم اور مسلم لیگ شعبہ خواتین کی  صدر ہیں۔ اس کے ساتھ خواتین کی مخصوص نشستوں  پر وہ 2018 کے الیکشن میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں۔ مرحوم پرویز ملک کی  نماز جنازہ آج  منگل کو ادا کی جائے گی۔ جنازہ ان کی رہائش گاہ 142 ای ون گلبرگ 3 سے ا ٹھایا جائے گا۔ نماز جنازہ  مقامی کرکٹ گراؤنڈ میں صبح  دس بجے ادا کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...