حماد ہادی خان تیسرے رینکنگ اسکریبل ٹورنامنٹ کے فاتح بن گئے 

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)  پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تیسرا رینکنگ اسکریبل ٹورنامنٹ کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں 98کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ماسٹر کٹیگری میں حماد ہادی خان آٹھ میچز جیت کر  617 کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ فتح اپنے نام کرلی۔ سابق قومی چیمپیئن وسیم کھتری جو شروع سے برتری حاصل کئے ہوئے تھے حماد ہادی خان سے آخری گیم ہار گئے اور7 فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ حسان ہادی خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کی خاص بات چار مرتبہ کے نیشنل چیمپیئن اور  سب سے سینئیر کھلاڑی انور صدیقی اور 9 سالہ احمد سلمان کے درمیان میچ تھا۔ جس میں احمد سلمان نے ناقابل یقین فتح حاصل کی۔ ری کریشینل کٹیگری میں محسن ایاز نے تمام 9 گیمز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ابراہیم منصور دوسرے اور فواز احمد تیسرے نمبر پر رہے۔ نووس کٹیگری میں عائشہ نقی نے سات فتوحات کے ساتھ کامیابی اپنے نام کی۔ مہمان خصوصی ولی محمد خبیب نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ 

ای پیپر دی نیشن