کہروڑ پکا (خبر نگار+ نامہ نگار) جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کنٹرول نہیں کر سکی جس سے عوام بہت تکلیف میں ہیں۔ حکومت کو سارے کام چھوڑ کر مہنگائی کنٹرول کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ مہنگائی سپلائی اور ڈیمانڈ سے کنٹرول ہوتی ہے۔ بروقت برآمدات کے اہم فیصلے ہوجاتے تو چینی اور گندم سمیت دیگر مسائل نہ ہوتے۔ قبل ازیں جہانگیر ترین کہروڑپکا پہنچے جہاں انہوں نے سابق ایم این اے و پارٹی رہنما نواب امان اللہ خان سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی امور سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے را نا اعجاز احمد نون، نواب سمیع اللہ خان و دیگر رہنما، یوتھ ونگ، سوشل میڈیا کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہم سب کی جماعت ہے۔ احمد محمود میرے قریبی عزیز ہیں، انکے ساتھ ملاقات یا سفر کوئی مسئلہ نہیں۔ جہانگیر خان ترین شیخ محمد اسلم کی دعوت پر انکی رہائش گاہ پہنچے جہاں چیئرمین یونین کونسل کہروڑپکا شیخ محمد اسلم نے ساتھیوں سمیت شہید کانجو گروپ سے 40سالہ رفاقت چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے جہانگیر ترین کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انکے صاحبزادے سٹی کونسلر شیخ محمد خالد، رانا اعجاز احمد نون، محمود نواز جوئیہ دیگر اقابرین بھی موجو دتھے۔ جہانگیر ترین نے نواب سیف اللہ خان مرحوم کی وفات پر انکے صاحبزادوں نواب عبیداللہ خان، نواب رضی اللہ خان سے اظہارتعزیت کیا۔ جہانگیر ترین نے ملک ممتاز خا ن جوئیہ سے انکے کزن مرحوم تقی حسین خان جوئیہ اور بھانجے مرحوم محمد عرفان خان جوئیہ کی وفات پر تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔