اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ شوکت ترین کی صدارت میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کھاد کی تیاری کے لئے پاک عرب کو 58 ایم ایم سی ایف ڈی اور فوجی فرٹیلائزر کو 63ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کی منظوری دی۔ اس اقدام کا مقصد کھاد کی طلب کو مقامی ذرائع سے پورا کرنا ہے۔ فیصلے سے کھاد کی قیمت مستحکم رہے گی۔ ای سی سی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی طرف سے پیش کردہ سمری پر غور کیا اور اس کی منظوری دی۔ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے لیے سنگل لائن بجٹ کے طور پر 2 ارب کی منظوری دے دی۔ آئی ٹی برآمدات کی حوصلہ افزائی اور برآمد کنندگان کی برآمدات کی دستاویز بندی اور ترغیبات فراہم کرنے کے لئے پی ایس ای بی کو 4 ارب فراہم کرنے کی بھی منظوری دی۔ وزارت تجارت نے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی پالیسی برائے مالی سال -25 2020 پیش کی۔ ای سی سی نے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو وزارت تجارت، فنانس ڈویژن، وزارت صنعت و پیداوار، پاور اور پٹرولیم ڈویژن، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندوں پر مشتمل ہے جو ای سی سی کے سامنے اپ ڈیٹ پالیسی تیار کر کے پیش کرے گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی،پاک عرب،فوجی فرٹیلائیزرکوگیس کی فراہمی،کئی منصوبوں کیلئے رقوم منظور
Oct 12, 2021