اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ قانون کسی ایک فرد کیلئے نہیں بنایا جاتا لیکن صدارتی آرڈیننس لاکر اپنی سہولت کیلئے حکومت قانون سازی کررہی ہے نواز شریف کو دیوار سے لگانے کے حوالے سے سب کچھ کیا گیااب بعض افراد کو نوازنے کیلئے قانون سازیاں کی جارہی ہیںیہ قانون سازی ایک اچھی مثال نہیں،بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ایسی قانون سازیاں ہوتی ہیں جس کے باعث بین الاقوامی دنیا میں ہماری عدالتوں کے فیصلے بطور نظیر بھی پیش نہیں کئے جاسکتے اسلام آباد میں پی ڈی ایم کاسربراہی اجلاس ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو توسیع پی ڈی ایم کے باعث نہیں بلکہ کسی اور وجہ سے ملی ہے، یہ حکومت ناجائز کے ساتھ نااہل اور نالائق ہے جو کچھ ڈلیور نہیں کرسکی تحریک انصاف کی نااہلی پاکستان کی تاریخ کا حصہ بن چکی ہے ہم سڑکوں پر آکر اسے آشکار نہ کرتے تو یہ کبھی تاریخ کا حصہ نہیں بنتی دھاندلی کی پیداوار حکومت اگر ہمیں انتخابی اصلاحات دے تو یہ قیامت کی نشانی ہے حیرت ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو جرات ہورہی ہے کہ وہ ملک کو شفاف انتخابات کا قانون دے ہماری سیاسی تاریخ میں کئی اکتوبر اور کئی جولائی آئے، اس حوالے سے ہماری قوم سخت جان ہے بارہ اکتوبر، ملک میں آئین کی حکمرانی اور منتخب حکومت کو تسلیم نہ کرنا کیسے ملک سے وفاداری ہے بلوچستان میں حکومت کے اپنے لوگوں کی بغاوت نے صورتحال گھمبیر کردی ہے اس سے اپوزیشن فائدہ اٹھائے گی۔