اسلام آباد (خبرگار خصوصی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اراکین نے سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھیں پاک بحریہ کے کردار، ذمہ داریوں اور میری ٹائم سیکیورٹی کے مسائل پر بریفنگ دی گئی۔ دورے کے دوران قائمہ کمیٹی کو 'پاک بحریہ کے چیلنجز، رسپانس اوربحری دائرہ کار میں پاک بحریہ کی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ میاں محمد ہلال حسین بھی بریفنگ کے دوران موجود تھے۔ کمیٹی کے اراکین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بحرِ ہند میں موجودہ سیکورٹی صورتحال اور پاکستان کی قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ بین الاقوامی سمندروں کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے مشترکہ اور انفرادی میری ٹائم سیکورٹی اقدامات کر رہی ہے۔ ایڈمرل نے سی پیک سے متعلق پاک بحریہ کی ذمہ داریوں پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ اس سلسلے میں ساحلی دفاع اور گوادر رپورٹ کی طرف آنے والی سمندری راہداریوں کے دفاع کو بہتر کرنے کے لیے موثر اور جامع اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع، سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور قومی تعمیر کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔