اسلام آباد(نیوزرپورٹر)بھارتی لوک سبھا کے سپیکر نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کوپبلک اکاونٹس کمیٹی کی100 سالہ تقریب میں مدعو کر لیا ، تقریبات 4 اور 5 دسمبر کو نئی دہلی میں ہوں گی، بھارتی صدر رام ناتھ کوند تقریبات کا افتتاح کریں گے۔ بھارتی لوک سبھا کے سپیکر اوم بریلہ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے نام خط بھیجا ہے۔جس میں انہوں نے صادق سنجرانی کوپبلک اکاونٹس کمیٹی کی100سالہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ تقریبات 4 اور 5 دسمبر کو نئی دہلی میں ہوں گی۔ تقریبات کے اختتامی سیشن سے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی 5 دسمبرکوخطاب کریں گے۔ خط کے متن میں درج ہے کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی بھارت کی سب سے پرانی پارلیمانی کمیٹی ہے۔ اعزاز کی بات ہو گی کہ کمیٹی کے 100 سال مکمل ہونے کی تقریبات میں شرکت کریں۔ اوم بریلہ نے لکھا کہ ہمارے لیے باعث اعزاز ہو گا اگر اس تاریخی موقع پر آپ(صادق سنجرانی) بھارتی پارلیمنٹ کے مہمان بنیں۔
بھارتی لوک سبھا کے سپیکر کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کوبھارت کی دعوت
Oct 12, 2021