شکارپور (نامہ نگار) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے شکارپور پہنچ کر طویل عرصے سے انتظامیہ اور ڈاکٹروں کی نااہلی اور بدعنوانیوں کے باعث خبروں کی زد میں رہنے والی آر بی یو ٹی سول اسپتال اور گنگا بائی زنانہ اسپتال کا دورہ کیا. اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ، پارلیامانی سیکریٹری قاسم سراج سومرو اور سیکریٹری ہیلتھ کاظم حسین جتوئی بھی ان کے ہمراہ تھے. صوبائی وزیر صحت نے مذکورہ اسپتالوں کے مختلف وارڈوں کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں کو ملنے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا. اس دوران انہوں نے اسپتالوں میں صفائی ستھرائی نہ ہونے سمیت مریضوں کو درپیش مسائل اور ادویہ کے اسٹور میں مقرر کردہ درجہ حرارت نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا. انہوں نے ڈی ایچ او ڈاکٹر عاشق شیخ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کو گرمی کے باعث ضائع ہونے سے بچایا جائے. کیونکہ خراب ہوجانے والی ادویات سے مریض فائدہ حاصل نہیں کرسکتا جس سے اس کے مسائل میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔. انہوں نے کہا کہ سندھ کی تمام ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں جہاں سہولیات کا فقدان ہے وہاں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔