ملتان (سپیشل رپورٹر)سماجی رہنما شاہد محمود انصاری اور ڈاکٹر ہمایوں شہزاد نے کہا ہے بڑھتی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر انتظامیہ کا کنٹرول نہ ہونے کی وجہ سے پرچون فروشوں نے مہنگائی کا طوفان برپا کیا ہوا ہے۔اور سفید پوش لوگوں کی کہیں بھی شنوائی نہیں ہورہی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سو سائٹی فورم کی جانب سے (بڑھتی ہو ئی مہنگائی کے رحجانات اور عوامی تفکرات و انتظامیہ کا عدم کنٹرول) کے عنوان کے تحت فکری نشست سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈاکٹر فاروق لنگاہ،عنایت علی قریشی، چوہدری منصور احمد،ملک یوسف،عامر بشیر، قیصر اقبال، شیخ طارق بلال، عادل محمود، ندیم قیصر،ملک تصور حیات، ریاض بلوچ شریک تھے، مقررین نے مزید کہا ہے کہ سبزی فروش،پھل فروش اور کریانہ فروشوں نے مختلف ہیلے بہانوں سے اشیاء کی قیمتیں سو گنا بڑھا رکھیہیں۔ان حالات میں ضلعی انتظامیہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور مارکیٹ کمیٹی خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے ہیں۔