آپ کی تشریف آوری سے بہار آگئی‘حکیم پیرشفیق موہڑوی

Oct 12, 2022


کراچی(نیوز رپورٹر) جشن عیدمیلا دالنبی کے جلسے سے ممتاز عالم دین خطیب پاکستان ممتاز علمی روحانی شخصیت حکیم پیر شفیق موہڑوی، صاحبزادہ محمد مزمل ہارونی، صاحبزادہ محمدنوید ہارونی نے خطاب اور بارگاہ ریاست میں گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ربیع الاول وہ ماہ مقدس ہے جس میں باعث تخلیق کا ئنات، وجہہ تسکین قلوب آدمیت، باعث تزئین کون ومکاں، شافع محشر، ساقی کوثر، آقائے دوجہاں، حضور ختمی مرتبت صاحب، مقام محمود صاحب، صاحب لوالحمد، سید المرسلین حضرت محمد رسول ﷺ کی ذات سراپاقدس عالم بالا سے عالم امکان میں جلوہ گرہوئی۔ آپ کی تشریف آوری سے خزاں دیدہ عالم پریشاں میں بہار آگئی۔ مقصد حیات سے بھٹکے ہوئے انسانوں کو مرکز یت مل گئی۔ تمام اہل سیراس حقیقت پر متفق ہیں کہ حضور سید المرسلین کی تشریف آوری سے قبل معاشرہ ایک تاریک گڑھے کی ماند تھا۔ دنیائے عرب ہی نہیں پوری کائنات پر کفروشرک کی گھنگورگھٹائیں چھائی ہوئی تھیں۔ وہ لوگ فحاشی وبت پرستی کے طوفان بدتمیزی میں اس قدر مستغرق تھے جہالت کا یہ عالم کہ بات بات پر اپنے مستقبل کے بارے میں جادوگروں اور کاہنوں سے جھاڑ پھونک کرواتے تھے۔ کبروغرور کے وہ مرقعے خداکی زمین پر(معاذاللہ)خدا بنے بیٹھے تھے۔ بچیوں کو زندہ درگور کردینا نا کے شیوہ مباہات میں سے تھا۔ معمولی بات سے قتل وغارت گری تک نوبت پہنچ جاتی اور پھر جنگ وقتال کا یہ سلسلہ پشت درپشت چلاآتا۔
حکیم پیرشفیق موہڑوی

مزیدخبریں