خواتین  کیلئے کاروباری مواقع  یقینی بنائیں گے: شرمین یونس

کوئٹہ ( اے پی پی ) وویمن چیمبرز آف کامرس سمال انڈسٹری بلوچستان کی نو منتخب صدر شرمین یونس نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو معاشی طور پر مستحکم اور بااختیار بنانے کے لئے چھوٹی سطح پر کاروباری مواقعوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ خواتین کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا بلوچستان کی خواتین باصلاحیت ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں ،وویمن چیمبربلوچستان کو خواتین کے کاروباری امور کے لئے فعال فورم بنائیں گے اور  مشاورت سے ایسی حکمت عملی پر عمل پیرا ہونگے جس سے یہاں کی خواتین کو معاشی و اقتصادی ترقی کے مواقع میسر آسکیں تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے شرمین یونس نے وویمن چیمبر کی تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اراکین نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن