گوادر(بیورو رپورٹ) ضلع بھر میں پانی و بجلی کے مصنوعی بحران کے خلاف حق دو تحریک بلوچستان کااحتجاج گذشتہ روز بھی جاری رہا ۔ حق دو تحریک کے ڈپٹی آرگنائزر شریف میاں داد کی قیادت میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں محکمہ پبلک ہیلتھ اور کیسکو آفس پہنچ کر ان دفاتر کو تالے لگا دئیے اور دھرنا دیا۔ اس موقع پر حق دو تحریک کے ڈپٹی آرگنائزر شریف میاں داد نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت گوادر کے تمام چھوٹے بڑے ڈیمز پانی سے لبریز ہیں لیکن گوادر سمیت ضلع بھر میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پانی اور بجلی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی گئی۔انہوں نے کہا کہ گوادر کو سی پیک کا درجہ دیا گیا۔ بے شمار میگا پروجیکٹس شروع اور ترقی کے بلند بانگ دعوے کیے جارہے ہیں لیکن سب بے سود اس وقت گوادر کے لوگ اذیت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ان کے لیے پانی و بجلی کی فراہمی بند کر دی گئی ہے جس سے ضلع بھر کے شہری پانی کی بوند بوندکو ترس رہے ہیں اوران کے لیے بجلی کی سپلائی بھی بند کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں ترقی کے بلند بانگ دعوے جھوٹے ہیں۔ عوام کو سہولت فراہم کرنے والے اداروں میں کرپشن کا راج ہے انھیں عوام کی پریشانیوں کا کوئی ادراک نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے نااہل اداروں اور کرپٹ سرکاری ملازمین کی کوئی ضرورت نہیں جو عوامی پریشانیوں کا باعث ہوں۔