اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ہیبت اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز پی ایم ایس ایس بسول پر مشتمل پاک بحریہ کے بیڑے نے کویت، عراق اور بحرین کا دورہ کیا۔ ترجمان کے مطابق پاک بحریہ سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق میزبان ممالک آمد پر پاکستانی سفارتخانوں کے سینئر نمائندگان اور میزبان بحریہ کے حکام نے پاک بحریہ کے جہازوں کا استقبال کیا۔ مشن کمانڈر نے بحری جہازوں کے کمانڈنگ افسران کے ہمراہ میزبان ممالک کی اعلی عسکری قیادت سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون، پاکستان کی جہاز سازی کی صلاحیت اور پاک بحریہ میں بحری تربیت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے میزبان ممالک اور بالخصوص بحری افواج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاک بحریہ کے جہازوں کی جانب سے خیر سگالی دوروں کا مقصد آپریشنل ہم آہنگی اور میری ٹائم سیکیورٹی ڈومین میں تعاون کے مواقع زیر ِغور لانا تھا۔ بندر گاہ پرافسران اور جوانوں نے میزبان ممالک کے بحری جہازوں اور تربیتی تنصیبات کا دورہ بھی کیا۔ مقامی سطح پر تیار کردہ پی این ایس ہیبت کو پاکستان کی جہاز سازی کی صلاحیت کے طور پر نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ دوروں کی تکمیل پر پاک بحریہ اور میزبان ممالک کی بحری افواج کے مابین بحری تعاون اور ہم آہنگی کو بڑھانے کے لیے دوطرفہ مشقوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں کا کویت، عراق اور بحرین کی بندرگاہوں کا دورہ دوست ممالک کے مابین موجود سفارتی اور دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔
دورہ