اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سے امن وامان سے متعلق وزارت داخلہ میں اہم اجلاس ہوا ۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اجلاس کی صدارت کی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھرسمیت چاروں صوبوں کے آئی جیز و چیف سیکرٹریوں نے شرکت کی ۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار اور آئی جی کے پی معظم جاہ بھی خصوصی طور شریک ہوئے ۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے وفاق پر ممکنہ چڑھائی کے حوالے سے حکمت عملی پر غورکیا گیا اجلاس کے شرکا نے وفاق پرممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ نے کہا سیاسی جماعت کی طرف سے وفاق پرچڑھائی کے غیرقانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے چاروں صوبوں ، گللگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے آئی جیز و چیف سیکرٹریز آئین و قانون کی پاسداری کویقینی بنائیں کسی سیاسی جماعت ،گروہ یا مسلحہ جتھے کو وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ریاست کو کسی گروہ یامسلح جتھے کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاق اور اسکی اکائیاں مل کر ایسے غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں گے کسی سیاسی گروہ یا جماعت کو وفاق پر حملہ کرکے ریاست کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا چیف سیکریٹریز یقینی بنائیں کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے کسی بھی جارحیت کیخلاف ریاست کو تحفظ فراہم کرنا سرکاری ملازمین کا فریضہ ہے ، رانا ثنا اللہ نے کہا جو سرکاری ملازمین 25 مئی کے لانگ مارچ میں شریک ہوئے ان پر وفاق کو گہری تشویش ہے وفاقی حکومت کی طرف سے ڈیمانڈ کئے گئے وسائل اور نفری فراہم کی جائے۔
وفاق پر ممکنہ حملہ ، چا روں صوبوں کے آئی جیز ، چیف سیکرٹریوں کی آئین ، قا نون کی پا سداری کی یقین دہائی
Oct 12, 2022