اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے فیصلہ کیا ہے کہ این اے 45ضلع کرم کی قومی اسمبلی کی نشست جہاں پر امن وامان کی صورت حال بہتر نہیں ہے کے علاوہ باقی تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بہتر انتظامی انتظامات کے ساتھ انتخابات مقررہ تاریخ 16اکتوبر 2022 کو ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن آف پاکستان کا اہم اجلاس سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمشن، سیکرٹری وزارت داخلہ، دفاع ، چیف سیکرٹری و آئی جی صاحبان پنجاب، خیبر پختونخواہ اور سندھ نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ MO Directorate اور دیگر سکیورٹی اداروں کے نمائندگان اور الیکشن کمشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور انہوں نے ضمنی انتخابات اور کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ سیکرٹری الیکشن کمشن نے بریف کیا کہ الیکشن کمشن نے 9قومی اسمبلی ، 3 صوبائی اسمبلی اور کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور الیکشن کے انعقاد کیلئے تیار ہے۔ بہرحال صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی کے دیگر اداروں کی ان انتخابات میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے حوالے سے ان کا موقف درکار ہے تاکہ انتخابا ت کا پرامن انعقاد اور ووٹروں کو پولنگ کے دن پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ سیکرٹری وزارت داخلہ، دفاع، چیف سیکرٹری صاحبان، آئی جی صاحبان اور سکیورٹی کے دیگر اداروں کے نمائندوں نے میٹنگ میں اپنا اپنا موقف پیش کیا۔ اجلاس کے دوران الیکشن کمشن نے مذکورہ بالا تمام افسران و نمائندگان کا موقف سننے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ ضلع کرم کی قومی اسمبلی کی نشست جہاں پر امن وامان کی صورت حال بہتر نہیں ہے، کے سوا باقی تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بہتر انتظامی انتظامات کے ساتھ انتخابات مقررہ تاریخ یعنی 16اکتوبر 2022 کو ہوں گے۔ این اے 45 ضلع کرم کا انتخاب مقررہ تاریخ یعنی 16 اکتوبر 2022 کو نہیں ہوگا۔ یہاں پر انتخاب کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ جبکہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات بھی شیڈول کے مطابق 23اکتوبر 2022 کو ہوں گے۔ اس طرح سے الیکشن کمشن نے وزارت داخلہ کی جانب سے 90 روز کے لیے ضمنی الیکشن ملتوی کیے جانے کی استدعا کو مسترد کر دیا۔ یاد رہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمشن کو آف پاکستان کو خط ارسال کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ ضمنی انتخابات 90 روز کے لیے ملتوی کر دیئے جائیں کیونکہ ایک سیاسی جماعت اسلام آباد پر قبضہ کرنے کے لیے آ رہی ہے۔
حکومتی درخواست مسترد ، ضمنی انتخابات 16اکتوبر کو ہی ہو نگے : الیکشن کمشن
Oct 12, 2022