اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل اور آرگنائزیشن آف مسلم سکالرز کنگڈم آف سعودی عرب کے صدر شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسی نے منگل کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ سکیورٹی تعاون اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کا مسلم دنیا میں ایک اہم مقام ہے اور وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ دونوں قومیں امن و استحکام اور امت کی بہتری کے لیے کردار ادا کرتی رہیں گی۔ مزید براں پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے منگل کو جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان علاقائی معاملات میں برطانیہ کے متوازن کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی فائدہ مند تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ معزز مہمان نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون بڑھانے کے لیے اپنا رول ادا کرنے کا عہد کیا۔