کراچی(نیوز رپورٹر) گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی بار کامران ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی‘ فاتحہ خوانی کی اور ملک و صوبہ کی ترقی و سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی ۔ بعد ازاں انہوں نے عزیز آباد میں متحدہ کے شہداء قبرستان میں شہداء کو ایصال ثواب کیا جس کے بعد وہ ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد پہنچے جہاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی، اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین وسیم اختر اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پرایم کیو ایم پاکستان کے کئی سینئر رہنما غیر حاضر رہے۔ ملاقات کے بعدمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی بحالی کا عزم لے کر آگے بڑھیں گے، مجھے ایم کیو ایم پاکستان لے کر آئی ہے، کوشش ہوگی لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کام کروں، شہدا کے لواحقین کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کروں گا۔کراچی کی رونقیں بحال کرنے کی پوری کوشش کرینگے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم بہت زیادہ ہیں، جس پر نوٹس لوں گا اور اجلاس بلانے کا کہوں گا۔ اس موقع پر کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ امید کرتا ہوں گورنر سندھ شہری سندھپر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ گورنر سندھ نافذ کوٹہ سسٹم اور شہری سندھ کیلئے خصوصی اقدامات کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر سندھ امن و امان کی صورتحال کا نوٹس لیں، پاکستان میں جمہوریت کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ہم سب گورنر سندھ کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔قبل ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری کے بعد مہمانوں کی کتاب میں بابائے قوم کے بارے میں تاثرات درج کئے کہ پاکستان کا قیام ان ہی کی عظیم قائدانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے۔ ملک کے موجودہ حالات قائد کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا تقاضہ کرتے ہیں ۔ایک فلاحی معاشرہ کی تشکیل ہی عظیم قائد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتی ہے۔
ایم کیو ایم بحالی کا عزم ، کراچی کی رونقیں لو ٹا نے کی کو شش کرونگا : گورنر سندھ
Oct 12, 2022