اسلام آباد(کامرس ڈیسک) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے نان بینکنگ فنانس کمپنیوں بشمول نان بینک مائیکرو فنانس کمپنیوں اور مضارب کے لیے IFRS-9 کے اطلاق کی مؤثر تاریخ میں 30 جون 2024 تک توسیع کردی ہے۔کووڈ کے بعد سے درپیش معاشی مشکلات اور کپیسیٹی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اوراسٹیٹ بینک کی طرف سے دی گئی توسیع کے مطابق نان بینکنگ فنانس کمپنیوں اورمضاربہ کو مساوی میدان فراہم کرنے کے لیے بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کو یہ سہولت یکم جنوری 2024 تک فراہم کی جا رہی ہے۔انٹرنیشنل اکاؤنٹنگ اسٹینڈرڈ بورڈ نے بین الاقوامی اکاؤنٹنگ اسٹینڈرڈ 39 کو IFRS-9 کے ساتھ تبدیل کر دیا ہے جو یکم جنوری 2018 سے نافذ العمل ہے۔ نئے معیار کا مارکیٹ پر کافی اثر پڑ سکتا ہے۔ اس میں ایک خاص شق کا اطلاق ہوتا ہے جو مستقبل میں متوقع کریڈٹ نقصانات کے لیے پروویڑن قائم کرنے کا ضابطہ طے کرتا ہے۔ایس ای سی پی IFRS-9کے جلد اطلاق کے لیے سرگرم عمل ہے۔اس وجہ سے یہ واضح کیا جا رہا ہے کہ مستقبل میں مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔ ایس ای سی پی نے نان بینکنگ فنانس کمپنیوں اور مضاربہ کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ اپنے بورڈ کے منظور شدہ ٹائم باؤنڈ ایکشن پلان تیار کریں اور 31 اکتوبر 2022 تک جمع کرائیں جس میں ٹائم لائنز، صلاحیت سازی کے اقدامات اور IFRS-9 کے موثر نفاذ کے لیے درکار دیگر سرگرمیاں تک شامل ہوں۔
مزید برآں، نان بینکنگ فنانس کمپنیوں اور مضاربہ کو بھی 31 دسمبر 2022، 31 مارچ 2023 اور 30جون 2023 کو ایس ای سی پی کو اسٹیٹس اپ ڈیٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔