یو بی جی کا وزیراعلیٰ سندھ سے کراچی کا انفراسٹرکچر بہترکرنے کا مطالبہ

کراچی (کامرس رپورٹر) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر زبیر طفیل اور چیئرمین سندھ زون  خالد تواب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ کراچی  جو کہ معاشی حب کے طور پر جانا جاتا ہے اور پاکستان کے خزانے میں نمایاں حصہ ڈال رہا ہے اس کا انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے ۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز کے مطابق یو بی جی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کراچی اپنی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے،شہرقائدنے اس طرح کی ابتر حالت کبھی نہیں دیکھی جہاں صفائی ستھرائی، قابل رحم انفراسٹرکچر  اور اب امن و امان کی صورتحال بدترین بدامنی کی سطح پر پہنچ چکی ہے۔یو بی جی  نے مزید کہا کہ پورے کراچی کی سڑکیں اور ٹاؤن ایسوسی ایشنز  کے علاقوںکی حالت مکمل طور پر مخدوش ہے، اس حقیقت کے باوجود کہ یہ ٹاؤن ایسوسی ایشنز معاشی سرگرمیوں میں حصہ ڈالنے اور عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے والے معروف اقتصادی علاقے  ہیں۔یو نائٹیڈ بزنس گروپ  نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے یہ بھی درخواست کی کہ واٹر ٹینکر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جس نے پورے کراچی کو برباد کردیا ہے اور اب اس نے کراچی کو غیر صحت بخش اور آلودہ پانی فراہم کرنا شروع کردیا ہے۔ یو بی جی کی جانب سے یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ شہر کے مضافات اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں تالابوں اور گڑھوں میں جمع ہونے والا آلودہ بارش کا پانی واٹر ٹینکر مافیا کے ذریعے غیر قانونی طور پر سپلائی کیا جا رہا ہے جس سے مختلف ہسپتالوں میں  ڈینگی اور نیگلیریا سمیت پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میںبڑی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یو بی جی نے فائر بریگیڈ کے شعبہ کو جدید ترین ٹیکنالوجیز اور آلات کے ساتھ اپ گریڈ کرنے کا مشورہ بھی دیا کیونکہ ایسا نہ کئے جانے سے خدا نہ کرے کوئی بھی برا واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔ یو بی جی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی اصلاح کا بھی مطالبہ کیا جس کی کارکردگی سب کو معلوم ہے اور روزبروز عدلیہ سندھ بلڈنگ کنٹرول کی سرزش کرتی دکھائی دیتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن