ملتان(سماجی رپورٹر )سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات اور ماہی پروری ساوتھ پنجاب سرفراز خان مگسی کے زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور غیر قانونی شکار کی روک تھام بارے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری فہد حیدر بزدار،ناظم اعلیٰ جنگلات جاوید گل، ڈائریکٹر فشریز ڈاکٹرزاہد شریف اور دیگر افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری ساوتھ پنجاب سرفراز خان مگسی نے غیرقانونی شکار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فالکن اور مہمان پرندوں سمیت غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات کے افسران اپنے ایریا میں اچانک گشت کریں کیونکہ موثر پٹرولنگ کے ذریعے غیر قانونی شکار کو روکا جاسکتا ہے۔سرفراز خان مگسی نے کہا کہ دریائے سندھ میں مچھلی کے غیرقانونی شکارکی اجازت نہیں دی جائیگی۔ سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے معینہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں۔