ڈسکہ (نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی) تین دہشت گردوں کی مسجد میں گھس کر نمازیوں پر اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا جسے حالت تشویشناک ہونے پرگوجرانوالہ ریفر کر دیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ تھانہ صدرکے علاقہ منڈیکی گورائیہ میں واقع جامع مسجد النور میں نماز فجر کے وقت موٹرسائیکل سوار تین دہشت گرد گھس آئے اور نماز پڑھنے کیلئے صف میں دوسرے افراد کے ساتھ کھڑے ہوئے جب نماز کی جماعت شروع ہوئی تو ان دہشت گردوں نے مسجد میں موجود نمازیوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں مسجد انچارج شاہد‘ گارڈ ہاشم گولیاں لگنے سے موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ امام مسجد عبدالاحد شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے سول ہسپتال لایا گیا جہاں پر ان کی حالت تشویشناک ہونے پر گوجرانوالہ ریفر کردیا گیا۔ شہید ہونے والے انچارج مسجد شاہد کا تعلق ایمن آباد‘ گارڈ ہاشم کا تعلق بکھر اور زخمی ہونے والے امام مسجد عبدالاحد کا تعلق لودھراں سے بتایا جاتا ہے۔ ڈی پی او سیالکوٹ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال نے بتایا کہ واقعہ کے تمام شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور علاقہ بھر کی ناکہ بند ی کردی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال کو ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔
ڈسکہ: دہشتگردوں کی نمازیوں پر فائرنگ، 2 شہید، امام مسجد شدید زخمی
Oct 12, 2023