کابینہ اجلاس: وفاقی وزراءکے غیر ضروری دوروں پر پابندی، سہیل ناصر ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات

Oct 12, 2023

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی+ نمائندہ نوائے وقت ) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگراں وفاقی کابینہ نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری فوری طور پر بند کی جائے، مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور فلسطین کی 1967 سے پہلے کی حیثیت بحال کی جائے، پی او آر کارڈز رکھنے والے افغان پناہ گزینوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، غیر قانونی طور پر مقیم افغان پناہ گزینوں کو فوری طور پر پاکستان چھوڑنے کا کہا گیا ہے، وفاقی کابینہ نے سہیل ناصر کو بطور ڈپٹی چیئرمین نیب اور سید احتشام قادر شاہ کو بطور نیب پراسیکیوٹر جنرل اکاﺅنٹیبلٹی تعینات کرنے کی منظوری دی، کابینہ نے پی آئی اے کی نجکاری کے لئے فنانشل ایڈوائزری کنسورشیم کی خدمات لینے کی بھی منظوری دی۔ بدھ کو یہاں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد نگراں وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں بالخصوص شہری آبادی پر بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ کابینہ نے غزہ کے گھیراﺅ، خوراک اور پانی کی شدید قلت جیسے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وفاقی کابینہ نے کہا نہتے فلسطینیوں پر ظلم اور اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نگراں وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی وزراء صرف ضروری نوعیت کے غیر ملکی دورے کریں۔ کابینہ نے لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج سہیل ناصر کو بطور ڈپٹی چیئرمین نیب اور سید احتشام قادر شاہ کو بطور نیب پراسیکیوٹر جنرل اکاﺅنٹیبلٹی تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ریاستی ملکیتی اداروں کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے 21 اور 28 ستمبر کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 اکتوبر 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر بریگیڈیئر شاہد عامر افسر کو پاک چین تعلقات کے فروغ کے لئے چین کی طرف سے تفویض کردہ ایوارڈ ’ پی ایل اے میڈل“ وصول کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین طے شدہ حوالگی کے معاہدے کے تحت فراڈ کیس میں مطلوب پاکستانی شہری ملزم شہزاد احمد ولد ولی محمد قریشی کی حوالگی کی منظوری دی، اسی طرح کویت اور پاکستان کے مابین طے شدہ حوالگی کے معاہدے کے تحت مطلوب پاکستانی شہری ارشد علی ولد مظہر علی کی حوالگی کی بھی منظوری دی۔ ایک سوال کے جواب میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ غزہ کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان عالمی سطح پر ہونے والی کوششوں کا حصہ ہوگا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پچھلی افغان حکومت نے جن افغان شہریوں کے سٹیزن شپ کارڈ جاری کئے تھے اور ان کی تصدیق کے عمل میں اس وقت کی افغان حکومت کے نمائندے شامل تھے، ان کے خلاف بھی کارروائی نہیں ہو رہی۔ 31 اکتوبر کی رضاکارانہ واپسی کی ڈیڈ لائن ان کے لئے ہے جن کے پاس ویزا یا کوئی قانونی دستاویز موجود نہیں۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی مقیم افراد واپس جانا شروع ہو گئے ہیں۔ ایک اور سوال پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کی انتخابی تاریخ میں شدید ترین سردی اور شدید گرمی میں بھی انتخابات ہوتے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ الیکشن کمیشن کو الیکشن کے عمل میں تمام وسائل فراہم کرے۔

مزیدخبریں