اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈا نے علیحدگی پسند سکھ رہنما کے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ہاتھوں قتل پر امریکہ کے بعد اردن‘ متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کی بھی بھارت کے خلاف حمایت حاصل کر لی۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے برطانوی ہم منصب رشی سونک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سکھ رہنما کے قتل کے شواہد پر گفتگو کی جس پر برطانوی وزیراعظم رشی سونک جن کا تعلق بھارت سے ہی ہے‘ نے کینیڈا کو اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے واقعات ناقابل قبول ہیں۔ قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ بعدازاں کینیڈین وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے بھی بات کی اور سکھ رہنما کے قتل کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ ٹھوس شواہد کو دیکھتے ہوئے امارات نے بھی کینیڈا کی حمایت کا فیصلہ کیا۔ جسٹن ٹروڈو نے اردن کے فرمانروا عبداللہ بن الحسین سے بھی حمایت حاصل کر لی۔ اردن‘ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں نے بھارت کے خلاف قانونی کارروائی پر زور دیا۔