واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) ٹائی ٹینک کے ملبے کی جانب سفر کے دوران تباہ ہونے والی سیاحتی آبدوز ٹائٹن کا مکمل ملبہ بحر اوقیانوس کی تہہ سے نکال لیا گیا ہے۔ اوشین گیٹ Expeditions کی تیار کردہ یہ آبدوز 18 جون کو بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی جانب جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی تھی۔ ٹائٹن آبدوز میں سوار کمپنی کے چیف ایگزیکٹو (سی ای او) اسٹاکٹن رش، دو پاکستانی شہری شہزادہ داو¿د اور ان کے بیٹے سلیمان داو¿د سمیت ہیمش ہارڈنگ اور پال ہنری نارجیولیٹ سب جان کی بازی ہار گئے تھے۔ ٹائٹن کے ملبے کا کچھ حصہ جون کے آخر میں نکالا گیا تھا۔ ٹائٹن کے باقی ماندہ حصوں کو بھی بحر اوقیانوس کی 12 ہزار 500 فٹ گہرائی سے نکال لیا گیا ہے۔ یہ ملبہ ٹائی ٹینک کے ملبے سے 1600 فٹ کی دوری پر سمندر کی تہہ میں موجود تھا۔ یہ آپریشن اکتوبر کے شروع میں مکمل کیا گیا تھا اور اس دوران ٹائٹن کا ایک محفوظ حصہ بھی نکالا گیا۔ ملبے میں ممکنہ انسانی باقیات کو بھی احتیاط سے الگ کیا گیا ہے اور انہیں تجزیے کے لیے طبی ماہرین کو بھیج دیا گیا ہے۔
ٹائی ٹینک سفر کے دوران تباہ آبدوز کا مکمل ملبہ اور انسانی باقیات برآمد
Oct 12, 2023