مرکزی مسلم لیگ کا اسرائیلی مظالم کے خلاف یکجہتی فلسطین کارواں

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت اسرائیلی مظالم کے خلاف استنبول چوک سے پنجاب اسمبلی تک یکجہتی فلسطین کارواں نکالا گیا جس میں شہر بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر زبردست جذباتی ماحول دیکھنے میں آیا۔ غیور شہریوں کی طرف سے یکجہتی فلسطین کارواں میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔ مقررین کے خطابات کے دوران شرکاءمیں فلسطینی بھائیوں سے محبت کے حوالے سے جذبہ دیدنی تھا۔ یکجہتی فلسطین کارواں میں فلسطینی اور شامی طلباءنے خصوصی طورپر شرکت کی گئی۔ مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو‘ عبدالخبیر آزاد‘ ابتسام الٰہی ظہیر‘ سیف اللہ خالد‘ محمد تابش‘ ناصر مدنی‘ حافظ عبدالرﺅف‘ نعیم بادشاہ‘ انجینئر عادل خلیق‘ انجینئر حارث ڈار‘ ملک اعجاز‘ بابر ڈوگر‘ خالد چودھری و دیگر رہنماﺅں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خالد مسعود سندھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی سے ہی دنیا میں امن قائم ہوگا۔ بادشاہی مسجدکے امام اور رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ بیت المقدس ہمارا قبلہ اول ہے اور اس کی حفاظت کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن