اسرائیل فلسطین تنازعے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا

اسرائیل فلسطین تنازعے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک اور  اجلاس آج ہوگا۔اسرائیلی میڈیا نے ایک سفارت کار کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ اجلاس کی کارروائی میڈیا پر بھی دکھائی جائے گی یا نہیں۔خیال رہے کہ اتوار کو اقوام متحدہ کی 15 رکنی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس ہوا تھا، اسرائیل پر حماس کے حملوں کے ایک روز بعد ہوئے اس اجلاس میں اراکین کے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے تھے جس کے بعد بند کمرہ ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا، اجلاس میں نہ باضابطہ قرارداد پیش ہو سکی اور نہ ہی مشترکہ اعلامیہ یا بیان تک جاری ہو سکا تھا۔خبر ایجنسی کے مطابق اجلاس کے دوران امریکا کی جانب سے رکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ اسرائیل پر حماس کے حملے کی مذمت کریں تاہم امریکی اور اسرائیلی مطالبے اور دباؤ کے باوجود کئی اراکین نے حماس کے حملوں کی مذمت نہیں کی۔امریکا نے اسرائیل پر حماس کے حملے کے معاملے پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں اتفاق رائے نہ ہونے پر اظہار افسوس کیا تھا جبکہ روس نے سلامتی کونسل کے دیگر رکن ملکوں سے اتفاق نہیں کیا۔اجلاس کے دوران روسی سفیر نے فوری جنگ بندی اور بامعنیٰ مذاکرات پر زوردیتے ہوئے کہا تھا کہ سلامتی کونسل فلسطین سے متعلق دہائیوں پہلے طے معاہدے پرعمل کرے۔اجلاس کے دوران چینی سفیر کا کہنا تھا کہ یہ غیر معمولی بات ہے کہ سلامتی کونسل نے کچھ نہیں کہا ورنہ عام شہریوں کے خلاف کیے گئے تمام حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن