حضور سید نا غوث اعظم کا انداز بیاں انتہائی سادہ اور عام فہم ہوتا اوراپنے خطبات میں دین کے اسرار و رموز کو انہتائی سادہ زبان میں میں بیان فرما دیتے کہ عام سا آدمی بھی اس کو سمجھ لیتا۔ آپ کے خطابات قرآن و حدیث پر مشتمل ہوتے اور بعض اوقات صحابہ کرام رضوا ن اللہ علیہم اجمعین اور اولیاء کرام کے ارشادات بھی بیان کرتے۔
آپ نے قوم کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا اے قوم اسلام رو رہا ہے ان فاسقوں ، فاجروں ، مبتدعین گمراہوں ، جھوٹ کا لباس پہننے والے ظالموں اور جھوٹے دعویداروں سے سر پر ہاتھ رکھ کر پناہ مانگ رہا ہے اور فریاد کر رہا ہے ان لوگوں کو دیکھو جو تم سے پہلے گزر گئے اور جو تمہارے ساتھ تھے ، امر و نہی کے ساتھ حکم چلاتے تھے ، کھاتے پیتے تھے اب حالت یہ ہے کہ کبھی موجود ہی نہ تھے۔
تو کتنا سنگ دل ہے ؟ کتا پورے خلوص کے ساتھ اپنے مالک کے لیے شکار کر تا ہے اس کی کھیتی باڑی اور جانوروں کی حفاظت کرتا ہے اور مالک کو دیکھ کر دم ہلاتا ہے حالانکہ وہ اسے کھانے کے لیے تھوڑی سی خوراک دیتا ہے۔ تو پیٹ بھر اللہ تعالی کی نعمتوں کو کھاتا ہے پھر بھی اس کی ناشکری کر تاہے اس کا حق ادا نہیں کرتا اس کے حکم کی تعمیل نہیں کرتا اور اس کی بنائی ہوئی حدود کی پاسداری نہیں کرتا۔ ( الفتح الربانی)۔
آپ فرماتے ہیں اے میری قوم اللہ تعالیٰ کے بندے بن جائو جیسے اولیاء کرام تھے تا کہ اللہ تعالیٰ کی رحمتیں تمہارے اوپر نازل ہوں جیسے ان پر نازل ہوتی ہیں۔ اگر تم یہ چاہتے ہو کہ اللہ تعالیٰ تمہارا ہو جائے تو اس کی اطاعت کرو ، صبر کرو اور اس کے دیے ہوئے پر راضی ہو جائو۔
وہ تمہیں ملا ہو یا کسی اور کو۔ اولیا ء کرام نے دنیا میں رہ کر دنیا سے بے رغبتی اختیار کی ، تقوی اختیار کیا اور آخرت کو طلب کیا اس کے لیے اعمال صالحہ کیے۔ اپنے نفسوں کی مخالفت کی اور اپنے رب کی اطاعت کی پہلے خود کو نصیحت کرتے پھر دوسروں کو۔ ( الفتح الربانی)۔
آپ نے فرمایا اے بندو نبی کریم ﷺکے دین کی دیوراریں گر رہی ہیں بنیاد بکھر رہی ہے ، اے زمین پر رہنے والو آئوجو منہدم ہو چکا ہے اسے مضبوط کریں جو گر چکا ہے اس دوبارہ بحال کریں۔ ( الفتح الربانی)
آپ نے تقدیر کے متعلق فرمایا : اے موحدو ، اے مشرکو مخلوق میں سے کسی کے ہاتھ میں کوئی چیز نہیں ہے۔بادشاہ ، غلام سلطان ، غنی اور فقیر سب تقدیر الہی کے قیدی ہیں ان سب کے دل اللہ تعالیٰ کے دست قدرت میں ہیں۔ اللہ جیسے چاہتا اور جسے چاہتا ہے اس میں ردو بدل کر دیتا ہے۔ ( الفتح الربانی)۔
حضور غوث اعظم کی تعلیمات(۱)
Oct 12, 2024