لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کی الیکشن ٹربیونلز کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ سامنے آگئی جس میں کہا گیا ہے کہ 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے حوالے سے بنائے گئے الیکشن ٹربیونلز نے اب تک صرف 11 فیصد درخواستوں پر فیصلے کیے۔ فافن نے کہا کہ 334 درخواستوں میں سے صرف 40 درخواستیں نمٹائی گئیں، پنجاب کے 43 کیسز کے بارے معلومات حاصل نہیں کی جا سکیں۔ فافن رپورٹ کے مطابق الیکشن ایکٹ کے تحت ٹربیونلز نے 180 دن میں انتخابی عذرداریوں کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے، اس میں کہا گیا کہ بہت سے کیسز تکنیکی بنیادوں پر خارج کیے گئے، نمٹائے گئے 40 کیسز میں سے 3 منظور جبکہ 37 خارج کیے گئے۔ فافن کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پنجاب میں 6 ٹربیونلز اب بھی غیر فعال ہیں جن میں دائر متعدد درخواستیں تاریخ سے 180 دن آگے بڑھ سکتی ہیں، الیکشن کمیشن اور لاہور ہائیکورٹ کے درمیان طویل قانونی تشریحی اختلافات سمیت متعدد عوامل کی وجہ سے ٹریبونلز غیر فعال ہیں۔ فافن نے بتایا کہ پنجاب میں ٹریبونلز کی جاری کارروائیاں قانون کی روح کی عکاسی نہیں کرتیں، پنجاب کے 8 ٹریبونلز کے پاس مجموعی طور پر 157 انتخابی درخواستیں ہیں، اب تک صرف 226 درخواستوں کی کاپیاں حاصل کی گئی ہیں جب کہ 44 درخواستوں کو کاز لسٹ کے ذریعے ٹریک نہیں کیا جا سکا۔ فافن کے مطابق ہارنے والا کوئی بھی امیدوار نوٹی فکیشن کے 45 روز میں درخواست دائر کرسکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک ٹریبونلز کے سامنے دائر درخواستوں کی صحیح تعداد اور ذیلی تفصیلات بھی ظاہر نہیں کیں۔ نمٹائی گئی 40 درخواستوں میں سے 4 قومی اسمبلی کی نشستوں جبکہ باقی 36 صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے متعلق ہیں۔ بلوچستان کے ٹربیونلز نے نصف سے زائد درخواستیں نمٹا دی ہیں۔
انتخابات 2024: الیکشن ٹربیونلز 11 فیصد درخواستیں نمٹا سکے، پنجاب میں 6 ٹربیونلز غیر فعال، فافن رپورٹ
Oct 12, 2024