ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہوگی: روس

 ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اسرائیل کا نام لیے بغیر خبردار کیا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر کوئی بھی حملہ خطرناک اشتعال انگیزی ہو گی۔ عرب میڈیا کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے جائزوں پر گہری نظر ہے تاہم اس میں ایسے کوئی اشارے نظر نہیں آتے کہ ایران اپنے پرامن جوہری پروگرام کو فوجی چینل پر منتقل کر رہا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے ایران کے ملٹری استعمال کے لیے جوہری توانائی پر کہا کہ ہم حقائق سے رہنمائی حاصل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ پروپیگنڈے اور الزامات پر کان نہیں دھرتے۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی باقاعدگی سے اس قسم کی رپورٹیں اپنے بورڈ آف گورنرز کو پیش کرتی ہے۔ جن میں ایسا کچھ نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن