عظمیٰ بخاری ویڈیو کیس، ہائیکورٹ نے ایکس سے معاہدے پر دلائل طلب کر لئے

Oct 12, 2024

لاہور (خبرنگار+نیوز رپورٹر) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے فیک ویڈیوز کیخلاف صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی درخواست پر آئندہ سماعت پر ایکس (سابق ٹوئٹر) کیساتھ معاہدے کے بارے میں دلائل طلب کرلئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایکس کے کیسوں کو دیکھ کر بڑا بینچ بنانے پر غور کریں گے۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے متحرک ہونے پر کافی چیزیں سامنے آئی ہیں، اگر آپ اسی طرح کام کریں تو سارے کام ٹھیک ہو سکتے ہیں، آپ نے اچھا کام کیا، ایف آئی اے اسی طرح تحقیقات کرتا رہے اور پندرہ روزہ رپورٹ عدالت میں پیش کرتا رہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ 5 اکتوبر کو اشتہاری ملزموں کے چالان عدالت میں جمع کروا دیئے گئے، 2 افسروں کیخلاف کارروائی کی گئی ہے، ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی گئی ہے، فلک جاوید کا ملتان ڈی ایچ میں ایک کنال کا گھر قرق کر لیا گیا ہے، صنم جاوید کا خاوند فلک جاوید کو چھپانے میں متحرک نظر آتا ہے۔ شکیل فلک جاوید کے نام کی سم استعمال کر رہا تھا، شکیل کے موبائل پر 500 سمیں استعمال ہوتی رہی ہیں، کیس میں آنے والے نئے پہلوئوں پر الگ سے کارروائی کریں گے۔ عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سماعت کے دوران ایسا لگا جیسے کسی ہالی ووڈ فلم کا سین ہو، ایف آئی اے نے3 ماہ بعد کام کی رپورٹ پیش کی۔ ملزمہ خاتون کے نام پر اور شوہر کے نام پر پانچ پانچ سو سمیں ہیں، ان سموں پر فیک اکائونٹس چلائے جاتے ہیں، یہ سب پی ٹی آئی پروپیگنڈا سیل کو فراہم کرتے ہیں، کے پی کے ہائوس میں ملزموں کوپنا ہ دی جاتی ہے، یہ سب کچھ اب واضح ہوگیا ہے، ہمارے تو اس طرح کوئی فیک اکائونٹس نہیں، اب تحقیقات کے بعد ایف آئی اے کے رولز بنائے جائیں گے، برازیل میں ایکس کو قانون کے دائرے میں لایا گیا ہے، برازیل میں ایکس کو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑا ہے۔ آزادی اظہار رائے کے بارے میں قانون پر حکم امتناعی ہے، ہم اس کے حوالے سے بھی قانون بنائیں گے، بھارتی وزیر خارجہ کو احتجاج میں خطاب کی دعوت کس نے دی؟۔ فلسطین کے مظلوموں کے لیے تو انہوں نے کبھی احتجاج نہیں کیا، پنجاب کے کیس میں اسلام آباد اور پشاور ہائیکورٹس سے آرڈر لے آتے ہیں، ان لوگوں کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک ہونا چاہیے۔ روٹی 15 روپے سے زائد فروخت ہورہی ہے تو نشاندہی کریں۔عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے استعمال کے لئے قوانین اور قواعد و ضوابط بنانے ہونگے۔ سوشل میڈیا پر خواتین کی عزت اچھالنے اور پروپیگنڈے کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ عدالت میں کھڑے ہوکر معصوم اور مظلوم بن جاتے ہیں۔ ہمارے پاس نہ فیک اکاؤنٹس ہیں اور نا ہم بنانا چاہتے ہیں۔ میں بس اب یہ چاہتی ہوں کہ جو میرے ساتھ ہوا ہے وہ کسی اور کے ساتھ نہ ہو۔ یہ میرا جہاد ہے جو کسی نہ کسی طرف ضرور جائے گا۔ میں وزیر ہوں میں نے سیاسی انتقام لینا ہوتا تو میں خاموشی سے کرلیتی اور کسی کو پتا بھی نہ چلتا۔ یہ پانچ سو سمز خدمت خلق کے لئے نہیں نکلی فساد اور بغاوت کے لئے نکالی گئیں ہیں۔ وزیراعظم اگر کچھ کرے تو آزادی رائے کا نعرہ لگتا ہے۔ مجھے ضرورت پڑی تو میں سپریم کورٹ تک بھی جاؤں گی۔ یہ سارے تماشے اتفاق سے نہیں ہورہے پوری پلاننگ کے ساتھ ہورہے ہیں۔ یہ جماعت سسرائیل کے خلاف کیوں جائے گی ان کے بچے سسرائیل کے خرچے پر پل رہے۔

مزیدخبریں