لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈاکٹر ذاکر نائیک اپنے صاحبزادے فارق نائیک کے ہمراہ گزشتہ روز کراچی سے لاہور پہنچ گئے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سمیت دیگر حکام نے استقبال کیا۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے لاہور میں پہلا دن مصروف دن گزارا۔ علامہ اقبال ائیرپورٹ لاہور سے مرکزی جمعیت اہلحدیث راوی روڈ کے مرکز پہنچے۔ پھر تبلیغی مرکز رائے ونڈ اور بحریہ آرچرڈ میں مولانا طارق جمیل کی رہائش گاہ گئے اور ان سے بھی ملاقات کی۔ مرکز راوی روڈ پہنچے تو مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر ساجد میر، ناظم اعلی حافظ عبدالکریم، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، حافظ ابتسام الہی ظہیر سمیت دیگر نے استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ مجھے مرکز اہل حدیث آمد پر بہت مسرت ہورہی ہے۔ قبل ازیں مرکز اہل حدیث راوی روڈ کی جامع مسجد میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے بیٹا فارق نائیک جمعہ کا خطبہ دیا۔ بعدازاں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مرکز جمعیت اہلحدیث راوی روڈ میں علماء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہورہی ہے، کئی سالوں سے خواہش تھی پاکستان آئوں، لاہور آنے کی تمنا تھی، میں چاہتا تھا شیخ ساجد میر سے لاہور میں ملاقات کروں کیونکہ سعودی عرب میں ملاقات کرتا تھا، ہم ساری دنیا میں بہترین امت ہیں، اللہ نے ہمیں دولت دی ہے، افسوس ہم ہر جگہ پٹ رہے ہیں، سب لوگ فٹ بال کی طرح مار رہے ہیں، دنیا میں 57 مسلم ممالک ہونے کے باوجود فلسطین میں مسلمانوں کا دفاع نہیں کر پا رہے۔ قرآن و حدیث سے دور جانے سے ہماری حالت ایسی ہوگئی ہے۔ ہمارے معاشرے میں کئی فرقے ہیں، شریعہ کہتی ہے بڑے نقصان سے بچنے کے لئے چھوٹا نقصان اٹھالیں، ہم فرقہ بندی کم کریں، اللہ کے قریب آئیں۔ دل بڑا کریں، ایک دوسرے کے قریب آئیں۔ اللہ اور اس کے رسولﷺ کی بات کریں گے تو لوگ جڑیں گے۔
ذاکر نائیک لاہور پہنچ گئے، ساجد میر، طارق جمیل سے ملاقات، رائے ونڈ مرکز بھی گئے
Oct 12, 2024