اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں طلب کیا۔ سردار تنویر کیخلاف توہین عدالت کیس اور اپیل کی سپریم کورٹ فل بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے سردار تنویر کی توہین عدالت کیس میں عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا۔ سردار تنویر کی ہائی کورٹ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی استدعا مسترد کر دی گئی۔ چیف جسٹس آزاد کشمیر نے کہا کہ اپیل دائر کرنے کا وقت نئے وزیراعظم کے انتخاب سے پہلے تھا۔ عدالت کو اختیار ہے کہ توہین عدالت کے ملزم کو سزا دے۔ عدالت کو اختیار ہے کہ توہین عدالت پر 6 ماہ‘ ایک سال یا دو سال نااہل کرے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو آئندہ سماعت پر اپیل کے حوالے سے تیاری اور بحث کرنے کا حکم دیا۔