ساہیوال ‘بولان، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) ہائی سکیورٹی جیل ساہیوال سے میانوالی ٹرانسفر کئے جانے والے داسو حملے کے ماسٹر مائنڈ 2 دہشت گرد مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔ ماسٹر مائنڈ نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق ہائی سکیورٹی جیل ساہیوال میں بند سزائے موت کے 2خطرناک دہشت گرد محمد حسین اور محمد ایاز کو علی الصبح 4بجے میانوالی جیل میں ٹرانسفر کرنے کیلئے بذریعہ پریژن گاڑی لے جایا جا رہا تھا راستے میں راجباہ اورنگ آباد کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کردی اور گاڑی کا ٹائر بریسٹ ہو گیا ۔ نامعلوم دہشت گردوںنے تالا توڑ کر دونوں دہشت گردوں کو نکال لیا اور فرار ہو رہے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کی جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی ۔ اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے محمد حسین اور محمد ایاز ہلاک ہو گئے۔ دونوں ڈیڈ باڈیز کو ضروری کارروائی کیلئے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس تھانہ بہادر شاہ نے اے ایس آئی زاہد غفور کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل ودیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میںسی ٹی ڈی کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں تین مبینہ دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ ایس ایس پی کچھی کیپٹن (ر) دوست محمد بگٹی کے مطابق سی ٹی ڈی نے ڈھاڈر کے علاقے دوپاسی پل کے قریب دہشتگردوں کی موجودگی پر کارروائی کا آغاز کیا تو دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ فورسز کی جوابی فائرنگ میں تین مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے 7 کلو دھماکہ خیز مواد، ایک موٹر سائیکل، 2 نائن ایم ایم پسٹل مع راونڈز برآمد کر لئے گئے۔