شر پسندوں کو ایس سی او میں رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا، عطا تارڑ: پنڈی میں 8 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ

اسلام آباد+لاہور(نوائے وقت رپورٹ + اپنے سٹاف رپورٹر سے+نیوز رپورٹر)  وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے ایس سی او خوش اسلوبی سے آگے چلے گی، شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا۔  شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا اجلاس میں سربراہان مملکت آئیں گے، ہم مہمانوں کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا وزیر اعظم نے دورہ کیا اور استقبال کے انتظامات دیکھے، شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت 12 ملکوں کے سربراہان آرہے ہیں۔  پاکستان کی عزت و تکریم میں بین الاقوامی سطح پر اضافہ ہوگا، ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔  سازشی ذہنیت والوں کو گھر بیٹھ کر سکون کرنا چاہیے، سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں، فوج، رینجرز اور پولیس تعینات ہے۔این این آئی کے مطابق حکومت پنجاب نے راولپنڈی میں 8روز کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144کا نفاذ 10سے 17 اکتوبر تک کیا گیا ہے، اس کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کو محفوظ بنانا ہے۔ اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے دوران وفاقی دارالحکومت کیلئے جامع ٹریفک پلان جاری کردیا 1100سے زائد ٹریفک افسران فرائض سر انجام دیں گے۔ ٹریفک پولیس نے کہا  14، 15 اور 16 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن