اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کی جانب سے 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے یہ پاکستان میں عدم استحکام پیداکرنے کی کڑی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان اکٹھے ہورہے ہیں، ملک کو یرغمال بننے نہیں دیں گے۔وزیر دفاع نے تنقید کرتے ہوئے کہا یہ بین الاقوامی سازشوں کے مہرے ہیں،اقتدار آنے جانے والی چیز ہے، کسی کی میراث نہیں، بانی پی ٹی آئی اقتدار سے محروم ہوئے تو 9 مئی برپا کردیا۔ مشیر وزیراعظم اور رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنااللہ نے کہا ہے پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ملک دشمن جماعت ہے، احتجاج کا اعلان پاکستان کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا سپریم کورٹ کے ججوں نے کہا تھا پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے، یہ فیصلہ ان کے منہ پر طمانچہ ہے، احتجاج کا فیصلہ ملک دشمن فیصلہ ہے۔انہوں نے کہا پاکستانی کی ترقی کیلئے ایس سی او کانفرنس بہت اہم ہے مگر اس دورا ن یہ لوگ فسطائیت پھیلا رہے ہیں، ملک کو بدنام کرنے کی کوئی اجازت نہیں دی جائے گی۔