لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب بھرمیں ’’چیف منسٹر انسولین‘‘ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولتوں میں بہتری کے لئے بی ایچ یوز کو مریم نواز ہیلتھ کلینک کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہیلتھ سٹاف کے لئے پرفارمنس مینجمنٹ فریم ورک تشکیل دینے اور کارکردگی جانچنے کیلئے’’کے پی آئی‘‘ بنانے کی منظوری دے دی۔ میانوالی، جھنگ، لیہ، اٹک اور جہلم کے ہسپتالوں میں کیتھ لیب قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ ٹائپ ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو گھر میں ہی انسولین مہیا کی جائے گی۔ مریض بچوں کو انسولین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی کارڈ بھی بنائے جائیں گے۔ حکومت کی منظور شدہ کمپنی کولڈ چین اور دیگر ایس او پیز کے مطابق انسولین فراہم کرے گی۔ لاہور سمیت تین اضلاع میں چیف منسٹر انسولین فار آل پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ ذیابیطس ٹائپ ون کے مریض مخصوص ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے اپلائی کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے کوئٹہ میں کان کنوں پر حملے کے واقعہ کی مذمت اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز نے گرلز کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں ہے کہا ہے کہ بیٹیاں اللہ کی رحمت ہوتی ہیں۔ قوم کی بیٹیوں کو پیغام ہے آپ کی ہمت، عزم اور قابلیت دنیا کو بدل سکتی ہے، آگے بڑھیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ہماری بیٹیاں، بہنیں اور بچیاں قوم کا مستقبل ہیں۔ بیٹیوں کے خوابوں اور صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ان کا حق ہی نہیں، قومی فرض بھی ہے۔ قوم کی بیٹیوں کیلئے ای-بائیک، ورچوئل پولیس سٹیشن، پینک بٹن، پنک گیمز اور سکالرشپ پروگرام متعارف کرائے ہیں۔ مریم نواز نے نامور اداکار عابد کشمیری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔