زرداری کی پیوٹن سے ملاقات، علاقائی ممالک میں رابطوں کو فروغ دینا چاہئے: صدر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے10  اور 11 اکتوبر کو دورہ اشک آباد کے دوران ترکمانستان کی قیادت سے ون آن ون ملاقاتیں کیں۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف اور ترکمانستان کے قومی رہنما اور ترکمانستان کی پیپلز کونسل کے چیئرمین گربنگولی بردی محمدوف سے ملاقات کی۔ پاکستان اور ترکمانستان کے رہنمائوں نے ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ملکوں کے رہنمائوں نے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور دو طرفہ رابطے مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے ترکمانستان کے قومی رہنما اور ترکمانستان کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ترکمانستان کے دورے کے موقع پر جمعہ کو یہاں بین الاقوامی فورم  کے موقع پر غیر رسمی ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں صدور نے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں صدور نے ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطے کے ممالک کے درمیان روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر علاقائی روابط سے ثقافتی و اقتصادی تعاون مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ترکمانستان کے دورے کے موقع پر جمعہ کو یہاں بین الاقوامی فورم ’’وقت اور تہذیبوں کا باہمی تعلق: امن و ترقی کی بنیاد‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فورم میں ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کے علاوہ روسی فیڈریشن، ایران، کرغزستان،  ازبکستان، تاجکستان، قازقستان اور منگولیا کے صدور اور کئی دیگر ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ فورم کا انعقاد ترکمانستان کے قومی شاعر مخدوم گلی فراغی کی 300 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیا گیا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ترکمان ادب کی ایک بلند پایہ شخصیت اور ثقافتی و روحانی روشن خیالی کی ایک اہم شخصیت مخدوم گلی فراغی کے 300 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اس پروقار اجتماع سے خطاب کرنا  ان کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ثقافتوں کے درمیان افہام و تفہیم، امن اور مکالمے کو فروغ دینے کے لیے اس باوقار تقریب کے انعقاد کے لیے میں ترکمانستان کی حکومت اور برادرانہ لوگوں کی تہہ دل سے تعریف کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان بھائی چارے کا گہرا رشتہ ہے جو باہمی احترام، عقیدے کی مشترکات سمیت ایک بہتر اور پرامن مستقبل کے لیے مشترکہ وژن پر استوار ہے۔ صدر نے کہا کہ کانفرنس میں میری شرکت  دونوں برادر ممالک کے درمیان ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے ہمارے عزم کی عکاس ہے، ہمیں علاقائی ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانیا ن پاکستان  میں سے ایک اور ہمارے قومی شاعر علامہ محمد اقبال اور مخدوم گلی فراغی تصوف اور قوم پرستی کے بارے میں اپنی شاعری اور افکار میں کئی مشترکات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خاص طور پر ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کی تعریف کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے مخدوم گلی فراغی کے افکار کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ علاقائی ممالک کی قیادت کے ساتھ بات چیت کا موقع فراہم کرنے کے لیے اس تقریب کا انعقاد کیا جس سے ہمارے دوستی کے رشتوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ترکمان قوم کو2024 کو ترک دنیا کے عظیم شاعر اور مفکر مخدوم گلی کے سال کے طور پر منانے پر بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئیے ہم اس موقع کو ان اقدار کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کریں جنہیں وہ پسند کرتے تھے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن اور پرامن مستقبل بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے صدر سردار بردی محمدوف سے مل کر بھی خوشی ہوئی جو میرے عظیم دوست اور سابق صدر قربان گلی بردی محمدوف کے صاحبزادے ہیں جن سے مجھے مختلف فورمز پر متعدد بار ملاقات کی سعادت حاصل ہوئی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ فورم خطے کے ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کی نئی راہیںہموار کرے گا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خطاب کا اختتام مخدوم گلی فراغی کے خوبصورت اشعار پر کیا۔

ای پیپر دی نیشن