لاہور(خصوصی نامہ نگار ) تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے فلسطین پر صیہونی ناجائز قبضہ کے ایک سال مکمل ہونے پر فلسطینی مجاہدین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا فلسطین پر اسرائیل کی جاری بربریت اور دہشت گردی کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے۔ اسرائیل نے غزہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے، اس کے باوجود فلسطینی مجاہد ڈٹے ہوئے ہیں اور پیش قدمی کر رہے ہیں۔ فلسطینی مجاہدین یہودیوں کی دہشت گردی کے آگے سد سکندری ثابت ہوئے ہیں اور اسرائیل اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود فلسطینی مجاہدین کے جذبہء جہاد کو سرد نہیں کر سکا۔ ذلت و رسوائی یہود کا مقدر ہے ،فلسطینی سرخرو ہونگے۔ فلسطینی مجاہدین حق کا لشکر ہیں رسول اکرمؐ نے 14 صدیاں پہلے انہیں کامیابی کی نوید سنائی ہے۔ طوفان الاقصیٰ آپریشن نے صیہونیوں کے ہوش اڑا دئیے ہیں۔