اسلام آباد(خبرنگار)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے دوشنبہ میں بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس اور جمہوریہ تاجکستان کے آئین کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں رانا مشہود نے معاشرے کے تحفظ، انصاف کے فروغ اور جدید جمہوریتوں میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے میں آئین کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ رانا مشہود احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ آئین کسی بھی قوم کا بنیادی ستون ہوتا ہے جو ایک ایسا فریم ورک فراہم کرتا ہے جو تمام شہریوں کے لیے بنیادی حقوق، انصاف اور مساوات کی ضمانت دیتا ہے انہوں نے آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنے کی اہمیت خاص طور پر کمزور طبقات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں قومی قوانین کی بالادستی پرزور دیا۔انہوں نے کہا کہ آئین جمہوری معاشروں کی بنیاد ہیں، وہ افراد کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں، مساوات کو یقینی بناتے ہیں اور ایک واضح قانونی ڈھانچہ فراہم کرتے ہیں جو قانون کی حکمرانی کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہر پارلیمنٹرین کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین کی پاسداری کو یقینی بنائے اور مظلوم جہاں بھی ہوں ان کے حقوق کی وکالت کرے انہوں نے غزہ اور بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کے عوام پر جاری مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے اراکین پارلیمنٹ کی اجتماعی ذمہ داری پر بھی زور دیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے دونوں خطوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر زیادہ توجہ دینے کا مطالبہ کیا اور مطالبہ کیا کہ معصوم جانوں کے تحفظ اور امن کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ہمیں غزہ اور کشمیر کے لوگوں کے مصائب پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں ۔