لاہور/ بیجنگ (سپورٹس رپورٹر + ریڈیو نیوز + وقت نیوز) بھارت نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنلٹی سٹروکس پر پاکستان کو4-2 سے شکست دیکر پہلی ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت اور اضافی وقت تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا تاہم پنلٹی سٹروکس پر بھارت نے 4-2 سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی طرف سے عبدالحسیم اور شفقت رسول نے پنلٹی سٹروکس ضائع کئے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے مینجر خواجہ جنید نے چین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پورے میچ میں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا پنلٹی شوٹ پر ہمارے گول کیپر کو زیادہ تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہماری پوری کوشش تھی کہ فیلڈ پلے میں ہی مقابلے کا فیصلہ ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی مینجمنٹ کے اعتماد پر پورا اترے ہیں ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اچھی بات یہ ہے کہ قومی ٹیم لڑ کر ہاری ہے۔ خواجہ جنید نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ لندن اولمپک تک ہم ایک اچھا کمبی نیشن تیار کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اجمل خان نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کیا کھلاڑیوں میں تجربہ کی کمی سے پنلٹی سٹروکس میں شکست ہوئی۔ وطن واپسی پر فیڈریشن کو ٹورنامنٹ کی رپورٹ پیش کی جائے گی کہ مزید کن جگہوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناءدونوں ٹیم کے درمیان مسلسل تلخ جملوں کا تبادلہ ہوتا رہا۔جنوبی کوریا نے ویمنز ایشیئن چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں چین کو ہرا کر جیت لیا جبکہ جاپان نے بھارت کو ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔