سندھ میں طوفانی بارشوں اورسیلاب سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے،سیلابی پانی سے ٹنڈوالہ یار کا قبرستان مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا

طوفانی بارشوں اور سیلابی پانی سے شدید متاثرہ علاقوں میں آج بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے متاثرین کی مشکلات میں مذید اضافہ ہو گیا ہے۔سیلاب کے باعث ٹنڈو الہ یار ضلع کے بیشتر دیہات کا زمینی راستہ منقطع ہو گیا ہے۔
بدین اورعمر کوٹ سمیت اکثرعلاقوں میں شدید بارشوں سے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے اور ہزاروں افراد تاحال بے یارو مددگارامداد کے منتظرہیں ۔ سیم نالے میں سیلابی ریلوں کے باعث مزید کئی علاقوں کوبھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظرانتظامیہ بے بس دکھائی دیتی ہےاورکئی علاقوں سے پاک فوج کے جوان متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ سڑکیں ٹوٹنے کے باعث ذرائع آمدورفت معطل ہیں جبکہ متعدد مقامات پر ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔نواب شاہ،پتھارو،نوشہرو فیروز، سانگھڑ،جھنڈو، نوکوٹ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی ابھی تک کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔
کیمپوں میں متاثرین خوراک اور صاف پانی کی قلت کا شکار ہیں۔نوابشاہ میں حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد شہرودیہات میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سی ملیریا اورگیسٹرو جیسے وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن