اسلام آباد (آئی این پی) قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی (نیکٹا) میں مختلف گریڈز میں افسروں کی بھرتیوں کے لئے لئے گئے تحریری امتحان میں نقل کی شکایات اور پیپرز کی تیاری میں غیر شفافیت کے باعث اسے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے امتحانی عمل شفاف نہ بنانے کے لئے معاملہ کی انکوائری کا حکم دیدیا ہے، گریڈ 17 سے 20 کی اسامیوں پر فیڈرل پبلک سروس کمشن کے ذریعے بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ میں نیکٹا میں بھرتیوں کے معاملہ پر اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکرٹری داخلہ قمرالزمان نے کی۔ اجلاس میں بھرتیوں کے لئے لیے گئے تحریری امتحان میں غیر شفافیت کے معاملے پر تفصلی تبادلہ خیال کیاگیا اور امتحان کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گریڈ 14 تک کی اسامیوں کو دوبارہ مشتہر کرنے اور گریڈ 17 سے 20 تک کی اسامیوں پر پبلک سروس کمشن کے ذریعے تقرریاں عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیکٹا کی تمام آسامیوں کی منظوری وزیراعظم اور وزارت خزانہ سے لینے کے لئے الگ الگ سمریاں ارسال کر دی گئی ہیں۔ دوسری طرف وزیر داخلہ نے تحریری امتحان میں غیر شفافیت کے معاملہ کی انکوائری کر کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔