لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں سات ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ یونس خان یہ اعزاز زمبابوے کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں حاصل کیا۔ سابق کپتان جاوید میانداد 8 ہزار 832 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، سابق کپتان انضام الحق 8829 رنز کے ساتھ دوسرے اور سابق کپتان محمد یوسف 7530 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ یونس خان زمبابوے کے خلاف جاری سیریز میں کیرئر کا 84 واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ اس سے قبل 83 ٹیسٹ میچوں میں یونس خان نے 22 سنچریوں اور 26 نصف سنچریوں کے ساتھ 6952 رنز بنا رکھے تھے۔انہیں سات ہزار کا سنگ میل عبور کرنے کے لئے 48 رنز کی ضرورت تھی۔ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نصف سنچری سکور کر کے سات ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر لیا۔