احتیاطی تدابیر نہ ہونے سے دھرنے کے شرکا میں ڈینگی پھیلنے کا خطرہ

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنے میں بیٹھے ہزاروں افراد میں حالیہ بارشوں کے بعد کسی بھی قسم کی احتیاطی تدابیر کے بغیر قیام کے باعث ڈینگی کا خطرہ پیدا ہو گیا ٗ ڈینگی وائرس کے ریڈ زون سے شہر کے دیگر علاقوں میں منتقل ہونے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈینگی ایکسپرٹ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید اکرم نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (پمز) میں ایک ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کے دوران کیا۔مذکورہ ورکشاپ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے منعقد کی گئی تھی جس میں 265 ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ڈاکٹر اکرم نے کہاکہ بارش کا پانی شہر کے مختلف مقامات پر کھڑا ہو گیا ہے اسلام آباد کا درجہ حرارت نہ تو بہت سرد ہے اور نہ گرم اور اس قسم کا درجہ حرارت مچھروں کی افزائش نسل کے لئے موزوں ترین ہوتا ہے۔ڈاکٹر اکرم نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ وائرس دھرنے کے شرکاء میں نہایت تیزی سے پھیل سکتا ہے، جنہیں سیوریج تک کی سہولت بھی میسر نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ صفائی کے مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث ڈینگی وائرس باآسانی دھرنے میں شامل افراد کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
ڈینگی/دھرنا

ای پیپر دی نیشن