اسلام آباد (اے این این) الیکشن کمشن نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے پرانی تاریخوں سے منظور نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے تحریک انصاف کے استعفوں کے معاملے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کیا اور سپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے پچھلی تاریخوں سے منظور نہ کیے جائیں اور جس دن استعفے منظور کیے جائیں اسی دن سے اسمبلی کی نشست خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے کیونکہ الیکشن کمشن کو خالی ہونے والی نشست پر ساٹھ روز کے اندر ضمنی الیکشن کرانا ہوتے ہیں جو آئینی تقاضا ہے۔ الیکشن کمشن کے مطابق پچھلی تاریخوں پر استعفوں کی منظوری سے ضمنی انتخابات میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کی جانب سے پنجاب اور سندھ کی اسمبلیوں سے بھی رابطے کا امکان ہے جہاں تحریک انصاف کے ارکان نے استعفے جمع کرا رکھے ہیں۔ الیکشن کمشن کا موقف ہے جاوید ہاشمی کا استعفیٰ اٹھارہ اگست سے منظور کیا گیا جس سے پیچیدگی پیدا ہو گئی۔ پچھلی تاریخوں میں استعفے منظور کرنے سے آئینی مدت کم ہو جاتی ہے۔
الیکشن کمشن
تحریک انصاف کے استعفے پرانی تاریخوں سے منظور نہ کئے جائیں: الیکشن کمشن کی درخواست
Sep 12, 2014