ہینڈری مسیح، طاہرہ آصف کے قتل میں لاہور کے 2 ایم این اے، ایک پولیس افسر ملوث ہے: عمران

Sep 12, 2014

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ دھرنا ختم ہو گیا تو میں کیا کروں گا، میری تو شام ہی نہیں گزرے گی۔ دھرنے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کارکنوں کا جنون دیکھ کر میری عمر 20 سال کم ہو گئی، لوگوں کی اکثریت نے ایس ایم ایس کرکے کہا کہ استعفے کے بغیر نہیں جانا اس لئے جتنے مرضی مذاکرات کر لیں استعفے کے بغیر جانے والے نہیں۔ 30 دن دھرنا زندہ قوم ہی دے سکتی ہے۔ نواز شریف صبر کریں ابھی استعفیٰ نہ دیں ہمیں دھرنے کو لمبا کرنے دیں۔ کل دھرنے کو 30 روز مکمل ہو جائیں گے، اربوں کی چوری کرنے والوں کو ڈاکو نہ کہوں تو کیا کہوں؟۔ لوگ کھڑے ہوتے ہیں تو حقوق ملتے ہیں۔ قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لئے سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی۔ عوام حق کیلئے کھڑے ہوئے تو ظلم کا سلسلہ ختم ہو گیا۔ پارلیمنٹ میں ظالم اکٹھے ہیں۔ پارلیمنٹ میں بیٹھے چور شور مچا رہے ہیں۔ نواز شریف سے ذاتی لڑائی نہیں ملک پر مسلط نواز شریف ذہنیت سے لڑائی ہے۔ عملی اقدامات ہوتے تو شہباز شریف کو بوٹ پہن کر سیلاب میں کھڑا نہ ہونا پڑتا حکومت کو اگست میں سیلاب کا پتہ چل گیا تھا۔ میٹرو بس بنانے کی بجائے غریبوں کا سوچا جاتا۔ نواز شریف نے سسٹم کرپٹ کر دیا ہے پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگوں نے مل کر دھاندلی کی ہے۔ چار حلقے کھل گئے تو دھاندلی کی گیم کھل جائیگی۔ نواز شریف ایک ماہ کیلئے کرسی نہیں چھوڑ سکتے۔ عوام ووٹ کسی اور کو ڈالتے ہیں جیتتا کوئی اور ہے۔ پنجاب میں نواز شریف، سندھ میں پیپلز پارٹی اور کراچی میں ایم کیو ایم نے دھاندلی کی۔ نواز شریف اسمبلی کے فلور پر جھوٹ بولتے ہیں۔ نواز شریف، پرویز رشید اور اسحاق ڈار جھوٹے ہیں۔ میں 29 دن مزید یہاں بیٹھ سکتا ہوں۔ واحد آدمی ہوں جو مشرف دور میں جیل گیا۔ احتجاج کتنے دن چلے گا کچھ کہہ نہیں سکتا۔ وزراء کے ذہنوں میں خوف طاری ہو چکا ہے۔ قابل لوگوں کو معاشرہ اوپر نہیں آنے دیتا۔ نئے پاکستان میں لوگوں کے تحفظ کی ذمہ داری لیں گے۔ دوستوں، رشتہ داروں کو پوزیشن نہیں دی جائیں گی۔ چاہتا تو میانوالی میں اپنے رشتہ دار کو ٹکٹ دیتا۔ نواز شریف ڈکٹیٹر کی نرسری میں پلے ہیں۔ نئے پاکستان میں تعلیمی انصاف بھی ہو گا۔  طاہرہ آصف اور ہینڈری مسیح قتل کیس کے پیچھے دو بڑے ایم این ایز اور ایک پولیس افسر تھا۔ دونوں سیاستدان لاہور سے تعلق رکھتے تھے۔ ہینڈری مسیح کوئلے کی کانوں اور طاہرہ آصف کچی بستیوں پر آواز اٹھا رہے تھے۔ ہفتے کو ان کے قاتلوں کے نام بتاؤں گا۔

مزیدخبریں