اسلام آباد/ باغ/فارورڈ کہوٹہ/حویلی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مزید منفی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، دھرنے والے حکومت کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں، انہوں نے کہا دنیا ترقی کر کے کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہم دھرنوں کی سیاست میں پھنسے ہوئے ہیں۔ آئیں مل کر مصیبت اور مشکلات میں پھنسے بھائیوں کی مدد کریں۔ آزاد کشمیر میں ہونے والی تباہی پر پاکستان آزادکشمیر کی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ کشمیری عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں، پوری پاکستانی عوام مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے‘ آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا‘ منفی سیاست اور سوچ کو ترک کر کے ہمیں مثبت اور تعمیری سوچ کو پروان چڑھانا ہو گا تبھی یہ ملک حقیقی معنوں میں ترقی کی جانب رواں دواں ہو گا۔ آزاد کشمیر کے فیصلے اسلام آباد میں نہیں مظفر آباد میں ہونے چاہئیں‘ دھرنے والوں سے فرصت پا کر مظفر آباد کا فوری دورہ کرونگا۔ وہ جمعرات کو آزاد کشمیر کے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دوسرے دورہ کے دوران فارورڈکہوٹہ میں متاثرین سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد سے مظفر آباد تک ٹرین چلائی جائیگی۔ انہوں نے حویلی سے راولا کوٹ تک سڑک کی تعمیر اور فارورڈ کہوٹہ اور حویلی کیلئے یونیورسٹی کیمپس اور جدید ہسپتالوں سمیت مختلف منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم نے اس سے قبل پورے علاقے کا فضائی دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیا۔ فارورڈ کہوٹہ میں وزیراعظم کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر حکومت کو متاثرین کے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حویلی سے راولا کوٹ تک سڑک کی تعمیر اور ضلع حویلی میں آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے کیمپس اور حویلی کے علاوہ راولاکوٹ میں جدید ہسپتالوں کے قیام کا اعلان کیا۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا، بارشوں سے 15بڑے اور 175چھوٹے پلوں کو نقصان پہنچا ہے، مظفر آباد چکوٹھی روڈ جزوی طور پر بند ہے، بارشوں کے باعث مقبوضہ کشمیر سے تجارت و بس سروس بھی معطل ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان منفی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، دھرنے والے حکومت کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں، آزاد کشمیر میں ہونے والی تباہی پر پاکستان آزادکشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے، میری خواہش ہے کہ ہم سب اکٹھے مل کر ملکی ترقی کے سفر میں آگے بڑھیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر میں نامکمل منصوبوں کے حوالے سے ایرا کا اجلاس طلب کر لیا اور سڑکوں کو آمدورفت کیلئے فوری طور پر کھولنے کا حکم دیا۔ دورے میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ فاروق حیدر خان اور چیئرمین این ڈی ایم اے سعید علیم بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نواز شریف کا آزاد کشمیر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ وزیراعظم اس سے قبل آزاد کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقے راولا کوٹ کا بھی دورہ کر چکے ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے حکومت سیلاب سے انفراسٹرکچر، سکولوں اور ہسپتالوں کو پہنچنے والے نقصان کو پورا کرنے کیلئے بھی اقدامات کریگی۔ وزیراعظم نواز شریف نے دورہ فارورڈ کہوٹہ کے موقع پر طوفانی بارش میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو چیک تقسیم کئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے کا چیک دے رہے ہیں۔ وزیراعظم کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے قائم الدین ہائی سکول کے باہر ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے اور پاکستان اور میاں نواز شریف زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں ضلع حویلی کیلئے ایک دو رویہ سڑک ایکسپریس وے ضلع راولا کوٹ سے فارورڈ کہوٹہ تک بنائے جانے کا اعلان کیا۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان مرحوم ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ء میں اس علاقے کا دورہ کیا تھا اور اس کے بعد میاں نواز شریف ہی وہ دوسرے پاکستانی وزیراعظم ہیں جنہوں نے اس علاقے کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ مجھے پاکستان اور کشمیر تو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں میں کشمیر کے اس خطے کو ایک مثالی ترقی یافتہ علاقہ بنانے کی کوشش کروں گا۔ اے این این کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ ضلع حویلی میں بارشوں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی تباہی اور نقصانات کا ہیلی کاپٹر پر فضائی جائزہ لیا اور بعدازاں متاثرین سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ وزیراعظم پاکستان اور صدر آزاد کشمیر کو ضلع حویلی میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونیوالے نقصانات کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ صدر آزاد کشمیر نے ریاست میں بارشوں سے ہونیوالی تباہی اور متاثرین کی مدد کے حوالے سے خصوصی دلچسپی لینے، راولاکوٹ حویلی سڑک کی تعمیر اور حوالی میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے قیام کے اعلان پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم چودھری عبدالمجید نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف ذوالفقار علی بھٹو شہید کے بعد دوسرے وزیراعظم ہیں جو شدید مشکلات کے باوجود حویلی کہوٹہ تشریف لائے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع حویلی ایک پسماندہ ضلع ہے۔ اس ضلع میں حالیہ بارشوں سے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس لئے اس علاقے کو آفت زدہ قرار دیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت پٹرولیم کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ 5 سالہ منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ وزارت پٹرولیم کے آئندہ 5 سال میں 200 تیل و گیس کی تلاش کے معاہدے ہوں گے۔ حکومتی ترجمان کے مطابق 300 نئے کنویں کھودے جائیں گے جبکہ 18 کنویں لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پٹرولیم مصنوعات اور تیل و گیس سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کیلئے پٹرولیم سیکٹر میں 44 معاہدے ہو چکے ہیں۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ تیل کی پیداوار میں 16,000 بیرل اضافہ ہوا ہے۔
دنیا ترقی کر کے کہاں سے کہاں پہنچ گئی‘ ہم دھرنوں کی سیاست میں پھنسے ہیں: نوازشریف
Sep 12, 2014