کابل / ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ/ رائٹر) افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں 18 پاکستانی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ڈرون حملہ افغانستان کے ضلع گومل میں بدھ کو کیا گیا تھا۔ انٹیلی جنس حکام کے مطابق حملہ پاکستانی عسکریت پسندوں کیخلاف ایک ڈرون مہم کا حصہ ہے۔ تین پاکستانی انٹیلی جنس حکام نے جنوبی وزیرستان سے محلقہ افغان سرحدی علاقے میں بدھ کو کئے جانے والے امریکی ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے 18شدت پسندوں کی نعشیں ان کے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان جلد پہنچا دی جائیں گی۔ ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں کا تعلق ملا فضل اللہ کے پشاور آرمی سکول پر حملہ کرنیوالے گروپ سے تھا۔