معیاری کرکٹ ہی پاکستان کا مستقبل، ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کامیاب ہو گا: باسط علی، علی ضیائ، عامر نذیر

Sep 12, 2015

لاہور (نمائندہ سپورٹس) ڈومیسٹک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ نئے لڑکیوں میں بہت ٹیلنٹ نظر آ رہا ہے۔ کرکٹ کا معیار بھی بہت اچھا ہے اور سخت مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ معیاری کرکٹ ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔ ان خیالات کا اظہار جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی نے نوائے وقت کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور ریجن نے مین رائونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس ریجن کا ایک کھلاڑی پانچ مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کر چکا ہے۔ بڑے ریجنز کی ٹیموں کو شکست بھی ہوئی اور کئی اعصاب شکن میچ بھی کھیلے گئے۔ لاڑکانہ کی ٹیم نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ مصدق حسین بھی بہترین بلے بازی کر رہے ہیں، مجموعی طور پر معیاری کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ایسے سخت مقابلوں سے ہی ہم اچھے کھلاڑی تیار کر سکتے ہیں۔ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے رکن علی ضیاء کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں جاری ڈومیسٹک ٹونٹی، ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں نے بہت متاثر کیا ہے۔ انفرادی و اجتماعی حیثیت میں ابھی کرکٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ ٹورنامنٹ کے انتظامات بھی بہت اچھے ہیں۔ سٹیڈیم میں آنے والے شائقین اور ٹی وی پر میچ دیکھنے والے دلچسپ کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹر عامر نذیر کا کہنا تھا کہ مجھے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں باالخصوص نوجوان کرکٹرز نے بہت متاثر کیا ہے۔ نئے لڑکوں کی مختلف ٹیموں میں شمولیت خوش آئند ہے۔ ہمیں سینئرز کے ساتھ ساتھ جونیئرز کو مناسب وقت پر ڈومیسٹک کرکٹ میں مواقع دے کر مستقبل کے لئے تیار کرنا چاہئے۔ راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کو ہر لحاظ سے کامیاب دیکھ رہا ہوں، ہمیں اپنی ساری ڈومیسٹک کرکٹ کو ایسے ہی سخت اور معیاری بنانے پر محنت کرنی ہے۔ مجھے امید ہے کہ کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک کرکٹ پر اور زیادہ توجہ دے گا اور چار روزہ مقابلوں میں بھی ایسے ہی سخت اور معیاری مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

مزیدخبریں