تاجروں نے وزیراعظم کے سامنےاسحاق ڈار کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے

اسلام آباد + لاہور (آن لائن + کامرس رپورٹر) پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف وزیر اعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کے روز وزیراعظم کی زیر صدارت صنعتی اور بزنس کمیونٹی کے اجلاس میں تاجروں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ وزیر خزنہ اسحاق ڈار کی یقین دہانی کے باوجود ایف بی آر نے 200ارب روپے سے زائد ریفنڈ ابھی تک واپس نہیں کئے، ہمارے مسائل حل نہیں کئے جارہے ہیں، ان حالات میں بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، سنگاپور کا مقابلہ نہیں کرسکتے، پاکستانی مصنوعات کی کوالٹی خطے کے دوسرے ممالک کی نسبت بہتر ہے لیکن یہاں پر بجلی پر سرچارج اور پیداواری لاگت بڑھنے کی وجہ سے برآمدات میں کمی آئی۔ ذرائع نے بتایا کہ تاجروں نے دھمکی دی کہ اگر ہمارے مسائل حل نہ کئے گئے تو صنعتیں دبئی اور بنگلہ دیش منتقل کر دیں گے۔ تاجر برادری نے کہا کہ ملک کی برآمدات بڑھانے کیلئے حکومتی پالیسیوں پر چلنے کیلئے تیار ہیں تاہم ہماری تجاویز پر عمل کیا جائے۔ لاہور سے کامرس رپورٹر کے مطابق لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر زور دیا ہے کہ ایکسپورٹرز کے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریفنڈ کیسز جلد سے جلد نمٹائے جائیں کیونکہ بینکوں سے لین دین پر عائد ٹیکس کے ساتھ ساتھ ریفنڈ کلیمز میں بلاوجہ تاخیرجلتی پر تیل کا کام کررہی ہے۔ ایکسپورٹرز کے ایک وفد نے لاہور چیمبر کے نائب صدر سے ملاقات میں انہیں آگاہ کیا کہ ریفنڈ کلیمز میں بلاوجہ تاخیر کی وجہ سے انہیں سرمائے کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر کاروباری افراد نے بینکوں سے قرضے لے رکھے ہیں جن کی فنانشل کاسٹ وہ بروقت بینکوں کو ادا کررہے ہیں مگر ا±ن کا سرمایہ سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریفنڈز کی صورت میں پھنسا ہوا ہے جس سے ان کی پیداواری لاگت میں بھاری اضافہ ہوگیا ہے۔

تاجر/ شکایات

ای پیپر دی نیشن